سومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مسلح افواج کے ہیڈکوارٹر کے ترجمان یحیی رسول نے کہا ہے کہ عراق کے وزیر اعطم مصطفی الکاظمی کی ہدایات پر صوبے کرکوک میں ابطال العراق نامی فوجی آپریشن کا دوسرا مرحلہ منگل کے روز شروع کیا گیا ہے۔
مذکورہ ترجمان کے مطابق اس فوجی آپریشن کا مقصد امن و استحکام کو فروغ دینا، داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کا تعاقب اور ان کو گرفتار کرنا ہے۔
واضح رہے کہ فوجی آپریشن کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی خبر کے بعد عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی خود کرکوک پہنچ گئے۔
اس فوجی آپریشن کا پہلا مرحلہ فروری میں صوبے الانبار میں انجام پایا تھا۔
دریں اثنا عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے کمانڈر طالب الموسوی نے صوبے دیالہ میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کاروائی شروع کئے جانے کی خبر دی ہے۔
گذشتہ تین ماہ کے دوران عراق کے مختلف صوبوں میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی بنا پر صلاح الدین، دیالہ اور کرکوک نامی صوبوں میں فوج اور سیکورٹی اہلکاروں کے متعدد آپریشن انجام پا چکے ہیں اور آپریشن کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔