شیخ نعیم قاسم نے فلسطینیوں کی پہلی تحریک انتفاضہ کی سالگرہ کے موقع پر منگل کے روز ایک تقریر میں کہا کہ صیہونی حکومت نے برسوں سے فلسطینیوں کے حقوق غصب کر رکھے ہیں لیکن فلسطینیوں کی ہر نسل نے فلسطینی کاز کی حفاظت کی ہے اور اسے زندہ رکھا ہے۔ حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اسرائيل کے ساتھ تعلقات قائم کر کے عرب حکومتوں نے اپنا اصلی چہرہ دکھا دیا ہے لیکن استقامتی محاذ، توازن قائم رکھنے کے لیے لبنان، فلسطین اور خطے میں اپنی طاقت بڑھائے گا۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین نے گزشتہ ستمبر میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ فلسطینیوں کی پہلی تحریک انتفاضہ سن انیس سو ستاسی میں شروع ہوئي تھی اور سن انیس سو ترانوے میں اوسلو معاہدے کے ساتھ ختم ہو گئی تھی۔ الاقصی انتفاضہ تحریک اٹھائیس ستمبر سن دو ہزار میں شروع ہوئي اور سن دو ہزار پانچ تک جاری رہی جبکہ سن دو ہزار پندرہ میں شروع ہونے والی قدس انتفاضہ تحریک اب بھی جاری ہے۔