
پاکستان میں کورونا کی تازہ صورتحال
پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے اسلام آباد میں میڈیا کےنمائندوں سے رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کورونا کے کیسوں میں مزید اضافہ اور ایس او پیز پر عملدرآمد میں بہتری نہیں آئی تو باقی شہروں میں بھی لاک ڈاؤن کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو موصول ہونے والے ڈیٹا سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک کے کس شہر یا علاقے کے ہیلتھ کیئر سینٹروں پر کتنا دباؤ ہے اور ہم یومیہ بنیاد پر طبی مراکز کی استعداد کار بتدریج بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان میں جاری کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ایس او پیز پرعمل درآمد کے لیے مختلف شہروں میں فوج بھی تعینات کردی گئی ہے۔
سرکاری سطح پر جاری کئے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چار ہزار پانچ سو کے قریب لوگ کورونا میں مبتلا ہوئے جس کے بعد کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد نوے ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک آٹھ لاکھ چار ہزار نو سو سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے سترہ ہزار تین سو سے زائد افراد جان کی بازی ہا ر چکے ہیں۔ جبکہ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد سات لاکھ کے قریب بتائی جاتی ہے۔