فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں کے ترجمان ابو مجاہد نے المیادین ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے یوم قدس کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خطاب کا ذکر کیا اور کہا کہ آپ کا خطاب آگے بڑھنے کے لئے ہمت افزا اور امریکہ و اسرائیل جیسے دشمنوں کے لئے متعدد پیغامات کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی گروہ صیہونی حکومت کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی کی ہم آہنگی میں پیدا ہونے والے تعطل کو اچھا سمجھتے ہیں۔
ابو مجاہد نے کہا کہ سازباز کے عمل کا مستقبل صرف تباہی و نابودی ہے اور استقامتی محاذ روز بروز مضبوط و مستحکم ہوتا جا رہا ہے۔
عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ابو احمد فواد نے بھی ہفتے کے روز ایک بیان میں عالمی یوم قدس کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کا موقف فلسطینی عوام کی خواہش کے عین مطابق ہے اور آپ نے عرب حکومتوں پر بھرپور طریقے سے تنقید کی ہے۔
فلسطین کے اس رہنما نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اپنے ملک کی سرزمین کو آزاد کرانے کے لئے فلسطینی قوم کا طریقہ وہی استقامت و مزاحمت ہے اور فلسطینی قوم اپنے وطن کی مکمل آزادی تک اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے۔
ابو احمد فواد نے بعض عرب ملکوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات برقرار کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عرب قومیں اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات برقرار کرنے کے خلاف ہیں جبکہ بعض عرب حکمراں اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں تاہم انہیں عرب عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے، بنا بریں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی استواری اور سینچری ڈیل پر عمل کا ان کا خواب ہرگز پورا نہیں ہو گا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ماہ مبارک رمضان کے جمعۃ الوداع یعنی عالمی یوم قدس کے موقع پر اپنے اہم ترین خطاب میں صیہونی حکومت کے خلاف عظیم اور مقدس موجودہ جہاد جاری رکھنے کے لئے سات اہم نکات بیان فرمائے۔
مسئلہ فلسطین کو فلسطینیوں اور یا عربوں تک محدود نہ رکھنا، فلسطین کی آزادی اور فلسطینیوں کی اپنے وطن واپسی، ظالم مغربی طاقتوں اور ان سے وابستہ عالمی اداروں پر اعتماد سے گریز، عالم اسلام میں فلسطین کے تعلق سے نوجوانوں اور جوانوں کا بھرپور اور پر زور مطالبہ، مہلک اور نقصان دہ حقائق کے خلاف جد و جہد اور تمام فلسطینی علاقوں میں جہاد و جد و جہد کا دائرہ وسیع کرنا نیز تمام فلسطینی اقوام کی شرکت سے ریفرنڈم کا انعقاد ایسے سات اہم نکات رہے ہیں کہ جن پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تاکید فرمائی ہے۔