مقبوضہ ویسٹ بینک پر صیہونی فوجیوں کا حملہ، درجنوں فلسطینی زخمی
فلسطین کی ریڈ کریسنٹ تنظیم کے مطابق، جمعہ کی رات مقبوضہ ویسٹ بینک کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوجیوں اور غیر قانونی طور پر بسائے گئے صیہونیوں کے حملوں میں کم سے کم 154 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
صیہونی فوجیوں اور غیر قانونی طور پر بسائے گئے صیہونیوں نے جمعے کو فلسطینیوں پر گولیاں چلائیں، آنسو گیس کے گولے داغے اور اس طرح انہیں سرکوب کرنے کی کوشش کی۔
ویسٹ بینک کے کفر قدوم گاؤں میں جمعہ کو فلسطینیوں نے غاصب صیہونی حکومت کی غیر قانونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف مظاہرہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت بین الاقوامی برادری کے غیر قانونی کالونیوں کی تعمیر روکنے کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے، امریکہ کی حمایت سے غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ سبھی بستیاں بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر غیر قانونی ہیں۔ سکورٹی کاؤنسل نے 23 دسمبر 2016 کو 2334 قرارداد میں صیہونی حکومت سے مقبوضہ فلسطین میں بستیوں کی تعمیر کو فوراً پوری طرح روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
صیہونی حکومت فلسطینی علاقوں کے ڈیموگریفک تانے بانے کو بدل کر انہیں صیہونی شناخت دینے کی کوشش میں ہے تاکہ اس طرح فلسطینی علاقوں پر اپنا تسلط مضبوط کر سکے۔