بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ جاری
پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں ناراض مظاہرین نے بکرا منڈی کے علاقے میں ایک گرڈ اسٹیشن کا محاصرہ کر لیا اور بجلی کے بلوں کو احتجاج کے طور پر آگ لگا دی۔
راولپنڈی کے چیمبر آف کامرس نے بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف مظاہروں کی کال دی ہے، جس کے مطابق 2 بجے مارکیٹ بند ہوجائے گی اور مظاہرین ریلیوں کی صورت میں کچہری چوک پر احتجاج کریں گے۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی ایک ستمبر کو لیاقت باغ میں بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے اور اسی حوالے سے 2 ستمبر کو پورے ملک میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان بھی کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان کے لئے سستی بجلی، گیس اور تیل کی فراہمی کا اعلان کیا گیا تھا اور اس حوالے سے پاکستانی سرحد تک گیس پائپ لائن کا منصوبہ بھی ایران کی طرف سے مکمل کیا جا چکا ہے لیکن پاکستان، امریکی پابندیوں کا بہانہ بنا کر اس منصوبے پر عمل درآمد سے گریزاں ہے۔