
مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے دشمن کی سرزمین پر گذشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی کارروائی انجام نہیں دی ، ہم جب کارروائی انجام دیتے ہیں تو اس کی ذمہ داری بھی فخر کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔ اس نے کہا کہ دشمن کے خلاف دفاعی کارروائی یمن کی مسلح افواج کا حق ہے ۔دشمن کی طرف سے یمنی عوام پر مسلط کردہ جنگ کو ناکام بنانے کے سلسلے میں یمن کی مسلح افواج بھر پور طاقت کے ساتھ دفاع کرتی رہےگی۔ اس سے قبل سعودی عرب کے ٹی وی چینل الاخباریہ نے دعوی کیا تھا کہ سعودی عرب نے یمن کے دو ڈرونز حملوں کو ناکام بنادیا ہے۔ سعودی اتحاد نے اس سے قبل یہ دعوی بھی کیا تھا کہ یمنی فوج کے ریاض پر میزائل حملے کو بھی ناکام بنادیا گیا ہے جبکہ یمنی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں دشمن کی سرزمین پر کوئی کارروائی انجام نہیں دی ۔