تل ابیب میں نیتن یاہو حکومت کی پالیسیوں کے خلاف صیہونیوں کا ایک بار پھر احتجاج
ایسو شی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ایک طرف غزہ پٹی پر غاصب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے تو دوسری طرف نیتن یاہو حکومت کی عدالتی اصلاحات سے متعلق پالیسیوں کے خلاف صیہونیوں نے ایک بار پھر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے تل ابیب یروشلم ہائی وے بھی بند کردیا تھا۔ اسی درمیان، غاصب اسرائیلی حکومت کی داخلی سلامتی کے وزیر ایتاماربن گویر نے کہا ہے کہ “میں انارکی اور بدامنی پھیلانے والوں کو سڑکوں اور شاہ راہوں کو بند کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔”
واضح رہے کہ غاصب اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نیتن یاہو پر بدعنوانی کے سنگین الزامات ہیں اور ان کے ذریعہ پیش کی گئیں عدالتی اصلاحات تمام مقبوضہ علاقوں میں احتجاجی مظاہروں اور ہڑتالوں کا سبب بنی ہیں۔ ان اصلاحات کی بنیاد پر صیہونی کابینہ کے پاس ججوں کی تقرری کے لئے مزید اختیارات مل جائیں گے اور کابینہ کے خلاف فیصلوں کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے اختیارات محدود ہوجائیں گے۔