افغانستان میں سنیچر کی صبح صدارتی الیکشن میں ووٹنگ کا آغاز ہوگیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پورے ملک میں تیس ہزار پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں ۔ ووٹنگ صبح شروع ہوئی اور مقامی وقت کے مطابق شام تین بجے تک کا وقت پولنگ کے لئے معین کیا گیا تھا۔ہمارے نمائندے نے افغانستان کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ووٹنگ کے لئے قائم کئے جانے والے پانچ ہزار مراکز میں سے تقریبا ڈیڑھ ہزار مراکز سیکورٹی خطرے سے دوچار ہیں۔ افغان الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ چار سو پچاس پولنگ مراکز کو سیکورٹی کے سنگین خطرات کے باعث نہیں کھولا گیا۔دوسری طرف اطلاعات ہیں کہ نیمروز، کابل، قندھار ، ہلمند اور ننگر ہار سمیت افغانستان کے مختلف علاقوں میں بموں کے دھماکے اور دہشت گردانہ حملے بھی ہوئے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ ان دہشت گردانہ حملوں میں کوئی ہلاک نہیں ہوا ہے لیکن پندرہ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔افغانستان کے صدارتی الیکشن کی نگرانی کے لئے اقوام متحدہ اور اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کے تقریبا ڈیڑھ لاکھ مبصر افغانستان میں موجود ہیں ۔