ایشیاپاکستان

بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے، اسلام کے دشمن اور مسلمانوں کے غدار: تنظیم اتحاد امت

تنظیم اتحاد امت پاکستان اور نیشنل مشائخ کونسل کے زیراہتمام شہداء داتا علی ہجویری کانفرنس پریس کلب لاہور میں ہوئی جس میں 50 سے زائد درگاہوں کے سجادہ نشینوں نے حکومت کو مطالبات پیش کئے۔

چیئرمین تنظیم اتحاد امت محمد ضیاءالحق نقشبندی نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ خودکش حملے کرنے اور کرانے والے اسلام اور پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بزرگوں کے دربار محفوظ رہنے سے ہی حکومتی ایوان محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ضیاء الحق نقشبندی کا کہنا تھا کہ حکمران عاشقان رسول(ص) کے صبر کا امتحان نہ لیں اور داتا دربار پر دہشتگردی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں۔ اولیاء کے آستانے آباد رہیں گے اور دہشتگردوں کے اڈے مزید برباد ہوتے رہیں گے، دہشتگردوں نے امام الاولیاء حضرت داتا علی ہجویری کے مزار پر حملہ کرکے ایک بار پھر اللہ کے عذاب اور غضب کو دعوت دی ہے، یہ سانحہ دہشتگردوں کی باقیات کیلئے موت ثابت ہوگا۔

اس موقع پر پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی نے کہا کہ ہم فرقہ واریت اور دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، ماضی میں بھی ہم عاشقان رسول(ص) نے دہشتگردوں، ان کے حامیوں سہولت کاروں اور سرپرستوں کیخلاف آواز حق بلند کی تھی۔

پیر سید تنویر حسین نے کہا کہ عالمی قوتیں انسانیت پر رحم کھائیں اور پاکستان میں اپنا خونی کھیل بند کر دیں۔ دہشت گردی میں بیرونی سرمایہ کے عمل دخل کے سدباب کیلئے حکومت فوری طور پر موثر حکمت عملی مرتب کرے۔

پیر سید جمیل الرحمان اور پیر نبیل الرحمن نے کہا کہ حکومتی سطح پر وفاقی، صوبائی، ڈویڑنل اور ضلعی امن کمیٹیوں سے کالعدم تنظیموں کے افراد کو نکالیں اور کالعدم تنظیموں کو نئے ناموں سے کام کرنے سے روکا جائے۔

پیرسید اظہر الحسن نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے طالبان اسلام کے دشمن، پاکستان کے باغی اور مسلمانوں کے غدار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داتا دربار پر حملہ کرنے والے یزید کے پیروکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ داتا دربار کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو بے نقاب کرکے سر عام پھانسی دی جائے۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button