اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے ، ایرانی سفارتی وفد کے لئے ویزا جاری کرنے میں وکاوٹیں کھڑی کرنے کے امریکی اقدامات کی مذمت کی ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ امریکا اقوام متحدہ کا صدر دفتر نیویارک میں واقع ہونے سے غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے پیر کو ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر سے متعلق قرار داد کے مطابق مختلف مواقع پر اس عالمی ادارے کے اجلاسوں میں شرکت کے لئے ، بلاامتیاز سبھی ملکوں کے سفارتکاروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنا امریکا کے فرائض میں شامل ہے ۔انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت اپنے فرائض کو نظرانداز کرتے ہوئے، دو فریقی اور کم اہمیت کے سیاسی مسائل کو دخیل کرکے ، اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی اصول و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی کرتی ہے۔ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں شرکت کے لئے ایرانی وفد کے صرف ایک تہائی اراکین کے لئے ویزا صادر کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ امریکی چاہتے تھے کہ ایرانی وفد اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت نہ کرسکے، لیکن چونکہ انہیں یہ اختیار حاصل نہیں ہے ، اس لئے انھوں نے کوشش کی کہ جہاں تک ہوسکے کم سے کم ایرانی سفارتکاروں کو ویزا صادر کریں ۔سید عباس موسوی نے کہا کہ ایرانی وفد نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ، امریکا کی جانب سے کھڑی کی جانے والی تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ۔
حکومت ایران کے ترجمان علی ربیعی نے بھی ایرانی سفارتی وفد کے لئے ویزا صادر کرنے میں امریکی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کو یرغمان بنارکھا ہے۔انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایرانی سفارتی وفد کے لئے ویزا صادر کرنے میں تاخیر بین الاقوامی اصول و ضوابط کے منافی ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکا کے یہ اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں ایرانی سفارتی وفد کی شرکت کتنی موثر ہے ۔انھوں نے کہا کہ صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی امریکی حکام کی خواہش کے برخلاف ، ماضی کی طرح اس بار بھی اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں ایرانی عوام کی نمائندگی اور ترجمانی کریں گے۔انھوں نے کہا کہ صدر ایران کا یہ سفر ایک بار پھر ثابت کردے گا کہ ایران تنہائی کا شکار نہیں ہے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت اس کو الگ تھلگ نہیں کرسکتی۔انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ایران مخالف محاذ کی ناکامیاں اور مایوسیاں بڑھتی جارہی ہیں۔حکومت ایران کے ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت ایران کے خلاف پابندیاں بڑھاتی جارہی ہے لیکن اس کو معلوم ہونا چاہئے کہ ایران دنیا میں اکیلا نہیں ہے اور امریکی پابندیاں اس کو محصور نہیں کرسکتیں ۔