ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکہ پوری دنیا میں دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بیجینگ میں چین کی رنمین یونیورسٹی کے پروفیسروں اور یونورسٹی طلبا سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ امریکہ پوری دنیا میں دہشت گردی کی بھرپور حمایت کرتا آیا ہے اور اس نے برسوں افغانستان، عراق اور شام سمیت مختلف ملکوں کو بدامنی سے دوچار کئے رکھا ہے۔انھوں نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دیگر ملکوں کے داخلی امور میں عدم مداخلت، دیگر ملکوں کے قومی اقتدار اعلی کے تحفظ اور قوموں کی سرنوشت کا فیصلہ خود قوموں کے ذریعے کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ ایران نے عراق و شام میں دہشت گردوں کا مقابلہ خود ان ممالک کی حکومتوں کی درخواست پر اور قیام امن نیز مظلوم انسانوں کے دفاع کے لئے کیا ہے تاہم امریکہ مختلف طریقوں منجملہ بین الاقوامی دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی حمایت، مختلف آزاد ملکوں کی قانونی حکومتوں کو گرانے کی کوشش اور مختلف ملکوں میں ناجائز حکومت مسلط کر کے دہشت گردی و بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی حکومت مغربی ایشیا کے علاقے میں بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، زور دے کر کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، امریکہ کے سینچری ڈیل جھوٹے منصوبے کے ذریعے مظلوم فلسطین قوم کے حقوق پامال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انھوں نے اسی طرح کہا کہ ایران ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر کاربند ہے اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے اپنی تیرہ رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق بھی کی ہے جبکہ امریکہ نے مہم پسندی کے بہانے ایٹمی معاہدے پر عمل کرنے سے گریز کیا اور اس بین الاقوامی معاہدے سے باہر نکلنے کا اعلان کر دیا۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے اپنے دورہ بیجینگ میں اسی طرح ایران چین پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ لی شوئی یونگ سے بھی گفتگو میں چینیوں کی مہمان نوازی کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کا ماضی دو ہزار سال سے زائد عرصے پر مشتمل ہے۔اس ملاقات میں ایران چین پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ لی شوئی یونگ نے بھی کہا کہ ایران چین دوستی گروپ میں چینی پارلیمنٹ کے تمام کمیشنوں کے نمائندے موجود ہیں جو چینی پارلمینٹ میں ایران کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔اس ملاقات میں موجود چین کے بعض مفکرین نے بھی ایٹمی معاہدے اور ایران و چین کے تیل سمیت اقتصادی تعلقات کے بارے میں اپنے نظریات کا اظہار کیا۔قابل ذکر ہے کہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اپنے چینی ہم منصب لی ژان شو کی دعوت پر ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ منگل کو چین کے دورے پر بیجنگ پہنچے۔