ایران کے وزیر خزانہ فرہاد دژپسند نے ایران میں تعینات یورپی اور ایشیائی سفیروں اور نمائندوں کے ساتھ ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عالمی معاہدوں کا غلط فائدہ اٹھارہا ہے اور ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ اس کی روک تھام کے لئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کیا اقدام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران، ایف اے ٹی ایف کے ساتھ تعمیری اور شفاف تعاون کررہا ہے تاہم اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ امریکہ، بین الاقوامی معاہدوں کا غلط فائدہ نہ اٹھائے.
ایران کے وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکہ کے عالمی قوانین اور معاہدوں میں یک طرفہ اقدامات، اقوام کی آزاد تجارت اور مالیاتی تبادلوں کے لئے بڑی رکاوٹ ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے عالمی حقوق سمیت، بین الاقوامی معیار بالخصوص ایف اے ٹی ایف کے معیاروں کے خلاف ایرانی قوم کے عالمی تجارتی اور مالیاتی تبادلوں اور ضروری سامان خاص طور سے ادویات پر ظالمانہ پابندیاں عائد کیں.
ایرانی وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب اور زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امریکی پابندیاں دوسرے ممالک کی مالی امداد کے پہنچنے میں رکاوٹ ہے اور ایسے میں یہ سوال بین الاقوامی سطح پر اٹھانا ہوگا کہ کس طرح ایک ملک دوسرے ممالک میں تجارت اور مالی لین دین پر غیر قانونی پابندیاں عائد کرکے بچوں ، خواتین اور سن رسیدہ افراد کی موت کا سبب بن سکتا ہے۔