فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی مذمت کی ہے۔
تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعلی ہنیہ نے وزیر خارجہ جواد ظریف کو فون کر کے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی مذمت کی اور کہا کہ یہ پابندیاں ظالمانہ ہیں اور انھیں ختم ہونا چاہئے۔اسماعیل ہنیہ نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں ایران کے ساتھ ملت فلسطین کی یکجہتی کا بھی اعلان کیا ۔
وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی اس گفتگو میں بالخصوص ایسی حالت میں جب کورونا لوگوں کی جان لے رہا ہے، غزہ پٹی کا محاصرہ ختم کرنے اور صیہونی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔
روس بھی ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرچکا ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتے کو ایک بیان میں ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے پیش نظر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کی منسوخی کا مطالبہ کیا تھا۔
گذشتہ کئی ہفتوں سے ایران اور دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد ترکی، روس، پاکستان اور چین نے ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ و غیر قانونی پابندیاں اٹھا لئے جانے کا مطالبہ کیا ہے، مگر اس کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف پابندیاں اٹھائے جانے کے مخالف ہیں۔