ایرانمشرق وسطی

ایران کی دفاعی طاقت غیرمتزلزل ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل باقری نے کہا ہے کہ ایرانی افواج دشمن کے ہر طرح کے مخاصمانہ اقدامات کا بروقت جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے ایک پروگرام میں خطاب کے دوران اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نہ تو جنگ سے ڈرتا ہے اور نہ ہی جنگ چاہتا ہے، کہا کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کی ہر طرح کی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی-

میجر جنرل باقری نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں امریکا اور یورپ کی وعدہ خلافیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں مغربی ملکوں کی وعدہ خلافیوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک سال تک صبر کیا اور اتنا موقع دیا کہ دنیا کی سبھی حکومتیں اور اقوام جان لیں اور مطمئن ہو جائیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے سپاہ پاسداران کے ہاتھوں امریکا کے جدید ترین جاسوس طیارے گلوبل ہاک کو مار گرائے جانے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے جس پر پوری دنیا اور خاص طور پر امریکیوں کو بہت زیادہ حیرت ہوئی، کہا کہ ایران آج میزائلی پروگرام، بحریہ اور ایئرڈیفنس کے میدانوں میں بے پناہ توانائیوں اور صلاحیتوں کا مالک بن چکا ہے اور اسی چیز نے دشمن کے نقطہ قوت یعنی اس کی میزائلی اور فضائی توانائیوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجرجنرل باقری نے بین الاقوامی سمندری حدود میں ایرانی تیل سے لدے ہوئے آئل ٹینکر برطانوی بحریہ کے ذریعے روک لئے جانے کے اقدام کو ایرانی مسلح افواج کے ہاتھوں دشمن کا جاسوس ڈرون طیارہ مار گرائے جانے کے دلیرانہ اقدام پر جوابی کارروائی بتایا اور کہا کہ دشمن کے اس اقدام کا بھی پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر مناسب وقت اور جگہ پر اس شرمناک اقدام کا جواب دیا جائے گا-

اس درمیان سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بری یونٹ کے کمانڈر محمد پاکپور نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران آج علاقے میں معتبر قوت میں تبدیل ہو چکا ہے-

سپاہ کے بری یونٹ کے کمانڈر محمد پاکپور نے مشہد مقدس میں سپاہ کے کمانڈرون کے اجلاس میں کہا کہ آج ایران مختلف میدانوں میں طاقتور ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں ایران کا کردار اور اس کی طاقت امریکا کے لئے قابل تحمل نہیں ہے-

سپاہ کے اعلی کمانڈر محمد پاکپور نے کہا کہ امریکا کے جارح ڈرون طیارے کو نشانہ بنانے سے صورت حال اسلامی جمہوری ایران کے حق میں تبدیل ہو گئی ہے اور اس اقدام سے امریکا کی ہیبت کا بت پاش پاش ہو گیا اوراس واقعے کے بعد سب کی سمجھ میں یہ بات آگئی کہ ایران ہی علاقے کی سب سے بڑی طاقت ہے-

گذشتہ بیس جون کو ایران کی سپاہ پاسداران کے ایئر ڈیفنس یونٹ نے امریکا کے انتہائی جدید اور پیشرفتہ ڈرون طیارے کو اس وقت مار گرایا تھا جب وہ ایران کی فضائی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button