عراق کے صدر اور وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ پر واضح کردیا ہے کہ بغداد ایران سمیت اپنے سبھی دوست پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعاون اور دوستی کے استحکام کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مائک پمپئو منگل کی رات غیر متوقع طور پر بغداد پہنچے اور عراق کے صدر برہم صالح اور وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔عراقی وزیر اعظم کے دفتر کے حوالے سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے مائک پمپئو سے ملاقات میں کہا ہے کہ عراق کے خارجہ روابط قومی مفادات کی بنیاد پر استوار ہیں ۔اسی کے ساتھ عراقی صدر کے دفتر نے بھی بتایا ہے کہ صدر برہم صالح نے امریکی وزیر خارجہ پر واضح کردیا ہے کہ بغداد تہران کے ساتھ اپنی دوستی کا پابند ہے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ایرانو فوبیا مائک پمپؤ کے اس دورے کا بنیادی مقصد تھا ۔