عراقی دارالحکومت حکومت بغداد کے عوام نے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تخریب کاروں کے خلاف مظاہرے کئے۔
مظاہرین نے بغداد کے فلسطین روڈ سے التحریر اسکوائر تک ریلیاں نکالیں اور مظاہروں سے تخریبی عناصر کو باہر نکالنے کا مطالبہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ہونے والے یہ مظاہرے عراق کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی بیان کی حمایت میں کئےگئے ہیں اور اس کا عنوان، تخریب کاروں کو باہر نکالو تھا۔
آیت اللہ العظمی سیستانی نے عراقی عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ دراندازوں کو پہچان کر انھیں پرامن مظاہرین کی صفوں سے باہر نکالیں۔ عراقی حکام نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ بعض نقاب پوش بلوائیوں اور تخریب کاروں نے صوبہ نجف و کربلا میں داخل ہو کر ان صوبوں میں بدامنی و افرا تفری پیدا کرنے کے لئے نجف میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلخانے سمیت کچھ مذہبی مقامات اور سفارتی دفاتر کو نقصان پہنچایا ہے۔
مظاہروں کی شدت بڑھنے کے بعد عراقی پارلیمنٹ نے اتوار کو ہنگامی اجلاس طلب کر کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی کا استعفی منظور کر لیا تھا۔