فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے جمعے کی شب اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو اور ٹرمپ کابینہ میں ایرانی امور کے انچارج برایان ہُک ٹرائیکا نے امریکی حکومت کی ایسی تصویر بنا دی ہے کہ اسکے اتحادی اسے ناقابل اعتماد، اسکے حریف خطرہ اور امریکی باشندے اسے ناکارہ اور نالائق سمجھنے لگے ہیں۔
علی شمخانی نے لکھا کہ ناکارہ اور عقل و خرد سے عاری امریکی حکومت سب کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی حکام بالخصوص مذکورہ تین عناصر بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر نکلنے کے بعد ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسیوں پرعمل پیرا ہیں اوراب جیسے جیسے ایران کے خلاف ہتھیاروں کے تعلق سے اقوام متحدہ کی عائد کردہ پابندیوں کے خاتمے کا وقت قریب آ رہا ہے، ویسے ویسے ٹرمپ، پومپئو اور ہُک نے ان پابندیوں میں غیر قانونی توسیع کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانا شروع کر دیا ہے۔