انصار اللہ یمن کے ترجمان محمد عبد السلام نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس کی جانب سے مذاکرات کی تجویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بحران یمن کا حل یہ ہے کہ پہلے جنگ بندی ہو، محاصرہ ختم کیا جائے اور اس کے بعد مذاکرات کو ٹھوس بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یمن کی قومی حکومت اور تحریکِ انصاراللہ شروع ہی سے اس بات پر زور دیتی آئی ہے کہ بحران کو سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ انصار اللہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ جنگ بندی اور محاصرے کے خاتمے کو نظر انداز کرکے پیش کی جانے والی کسی بھی تجویز کا خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوگا بلکہ یہ بحران کے مزید طول پکڑنے کا سبب بنے گا۔
محمد عبد السلام نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس پر زور دیا کہ وہ اپنی غیر جانبداری کو پوری طرح محفوظ رکھیں اور مشکوک اور ناقابل عمل تجاویز اور منصوبوں پر عملدرآمد سے گریز کریں۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے یمن مارٹن گریفتھس نے منگل کے روز یمن کے صوبے مآرب کا دورہ کیا تھا۔اس موقع پر انہوں نے جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے آغاز اور پہلے سے جاری امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کی اپیل کی تھی۔