المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج نے سعودی عرب کے ایک جاسوس طیارے کو جیزان میں نشانہ بنایا ہے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اتوار کو بھی صوبہ الحدیدہ میں جارح سعودی اتحاد کا ایک جاسوس طیارہ مار گرایا تھا۔
یمن کے ہمہ گیر محاصرے کے باوجود اس ملک کی فوج اور رضاکار فورس کی دفاعی طاقت میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ اس درمیان یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ امریکی اور برطانوی فوجی کمانڈر یمن میں جارح سعودی اتحاد کی کمان کررہے ہیں –
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے ٹویٹر پیج پر برطانوی وزیرخارجہ کے جواب میں کہا کہ برطانوی وزیرخارجہ کو چاہئے کہ اگر وہ یمن میں کشیدگی کم کرنا چاہتے ہیں تو پھر وہ ان برطانوی اور امریکی فوجی کمانڈروں سے بات کریں جو جارح سعودی اتحاد کی کمان کررہے ہیں- قابل ذکر ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ نے حال ہی میں یہ کہا تھا کہ وہ یمن میں کشیدگی کم کرنے کے خواہاں ہیں۔