ایران کے وزیر خارجہ نے علاقائی ممالک کے رہنماؤں کو خلیج فارس کے علاقے میں عدم جارحیت پر مبنی معاہدے اور ایران کے امن و سلامتی کے منصوبہ سے ملحق ہونے کی دعوت دی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اخبار فائننشل ٹائمز میں اپنے ایک مقالے میں لکھا ہے کہ علاقائی ممالک کے رہنماؤں کو ایران کے امن و سلامتی کے ہرمز صلح منصوبہ سے ملحق ہوجانا چاہیے۔ انھوں نے کہا ہرمز صلح منصوبہ ایک جامع اور کامل منصوبہ ہے اور اس پر تمام ہمسایہ اور علاقائی ممالک اپنے نظریات کو بیان کرسکتے ہیں امن و صلح اور دوستی سب سے اہم چیز ہے اور اس کے لئے ہم سب کو ملکر کوشش کرنی چاہیے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں صدر مملکت حسن روحانی کی جانب سے ہرمز امن منصوبے کو پیش کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ممالک خاص طور سے سعودی عرب، عراق، عمان، امارات، کویت، قطر، بحرین اور ایران میں یہ صلاحیت پائی جاتی ہے کہ وہ علاقائی سطح پر گفت و شنید کے ذریعے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنائیں۔
جواد ظریف نے کا کہنا تھا کہ عدم جارحیت کے معاہدے پر دستخط کرکے ہم خطے میں امن و صلح کا آغاز کرسکتے ہیں اور اغیار پر اعتماد کرنے کے بجائے ہمیں آپس میں اور ایک دوسرے پر اعتماد کرنا چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ہمارا خطہ اہم اور حساس خطہ ہے اور اس خطے میں غیر علاقائی طاقتیں بد امنی ، کشیدگی اور دہشت گردی پھیلا رہی ہیں اور وہ اپنی کمپنیوں کے ہتھیار فروخت کرنے کے لئے ہمیں آپس میں لڑانے کی ترغیب دے رہی ہیں اور ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کا خوف پیدا کررہی ہیں۔