تہران کے خطیب نماز جمعہ نے اسلامی ممالک کے حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں مسلمانوں کی ہوشیاری کی ضرورت پر زوردیا ہے –
تہران کی مرکزی نماز جمعہ اس ہفتے آیت اللہ محمد امامی کاشانی کی امامت میں ادا کی گئی ۔تہران کے خطیب نماز جمعہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سامراج، ہمیشہ مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں رہتا ہے کہا کہ داعش دہشتگرد گروہ کو امریکہ اور صیہونی حکومت نے جنم دیا تاکہ اپنے مفادات حاصل کر سکے۔آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ دشمن نے عراق میں ہونے والے مظاہروں میں بہت سے قاتلوں اور غداروں کو بھی شامل کرا دیا ہے اور اس سلسلے میں عراقی عوام کو ہوشیار رہنا چاہئے۔تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب آیت اللہ امامی کاشانی نے نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ ابراہیم زکزکی کے ساتھ اس ملک کی حکومت کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو آیت اللہ زکزکی کو آزاد کرانے کی کوشش کرنا چاہئے۔آیت اللہ زکزکی اور ان کی اہلیہ کو تیرہ دسمبر دوہزار پندرہ میں زاریا شہر میں ایک امامبارگاہ پر حملہ کے بعد شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔اس حملے میں آیت اللہ زکزکی کے تین بیٹوں سمیت سیکڑوں افراد کو بھی شہید کردیا گیا-