سعودی عرب کی جارح فوج کو الحدیدہ بندرگاہ کا کنٹرول سنبھالنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔
مہر خبررساں ایجنسی کے بین الاقوامی امور کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں یمن کے قومی مصالحتی امور کے وزیر احمد القنع نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور امارات کی جارح فوج کو الحدیدہ بندرگاہ کا کنٹرول سنبھالنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔
یمن پر سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ کے 4 سال مکمل ہونے کے موقع پر یمن کے قومی مصالحتی امور کے وزیر نے کہا کہ یمنی فوج کی سعودی عرب کی اتحادی فوج کے خلاف استقامت اور پائیداری کا سلسلہ جاری رہےگا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں یمنی عوام نے سعودی عرب کی جارحیت کا ڈٹ کا مقابلہ کیاہے اور سعودی عرب کے وحشیانہ اور بھیانک چہرے کو دنیا کے سامنے نمایاں کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مستقبل میں اپنی شکست اور ناکامی کو قبول کرلےگا اور فتح یمنی عوام کے قدم چومے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم امن و صلح برقرار کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ سعودی عرب نے یمن کو بہت نقصان پہنچایا ہے یمنی بچوں ، عورتوں اور مردوں کا قتل عام کیا اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کا ارتکاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو یمن میں امن برقرار کرنے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے اور سعودی عرب کی جارحیت کے خلاف ٹھوس مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔