یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے رہائشی علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں کے جواب میں سعودی عرب کے جنوب میں فوجی ٹھکانوں پر میزائلوں سے حملہ کیا۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے نجران میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے جبکہ ان کے فوجی ساز و سامان کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچا۔
اس درمیان یمنی فوج نے شمالی یمن کے سرحدی علاقے میں واقع سعودی عرب کے اندر عسیر میں سعودی فوجیوں کی پیشقدمی روک دی- یمنی فوج کے توپخانوں نے بھی عسیر میں سعودی فوجی اڈوں پر گولہ باری کی-
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے یمن کے مغربی شہر الحدیدہ میں فائربندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس شہر کے مختلف علاقوں پر میزائلوں اور مارٹر گولوں سے حملے کئے-