عراق کے سابق وزیر اعظم نے العہد ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کو امریکی فوجیوں کی ضرورت نہیں ہے۔
عراق کے سابق وزیر اعظم نوری المالکی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ عراقی اپنے ملک کا دفاع کرنے کی طاقت و توانائی رکھتے ہیں کہا کہ عراق کی پارلیمنٹ اس ملک میں امریکی فوج کی تعیناتی کے خلاف بل کی منظوری دے سکتی ہے۔
عراق کے سابق وزیر اعظم نے عراق پر داعش کے حملے سے قبل امریکی موقف کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے 2013 میں صوبہ الانبار میں دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے عراقی فوج کو لڑاکا طیارے نہیں دیئے۔
واضح رہے کہ امریکی فوج جو دو ہزار گیارہ میں مسلسل ناکامیوں کے بعد عراق سے نکلنے پر مجبور ہوگئی تھی دوہزار چودہ میں داعش کے خلاف جنگ کے بہانے دوبارہ فوجی اتحاد کی شکل میں عراق میں داخل ہوگئی- ان دنوں عراق میں امریکی فوج کی موجودگی کے سوال پر وسیع پیمانے پر سیاسی بحث چھڑگئی ہے۔