ایشیاپاکستان

عمران خان کے دورہ نیویارک کے بعد وزارت خارجہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ منیراکرم کو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ بڑے پیمانے پر مختلف ممالک میں سفیر اور قونصل جنرل کے عہدوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزارتِ خارجہ میں نئی تعیناتیوں کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ملیحہ لودھی کو اقوام متحدہ کی مستقل مندوب کے عہدے سے ہٹا کران کی جگہ منیراکرم کو تعینات کردیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل برائے اقوام متحدہ خلیل احمد ہاشمی کو جنیوا میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا ہے، جب کہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری وزارت خارجہ محمد اعجاز کو ہنگری، احسن کے کے کو مسقط اور سید سجاد حیدر کو کویت میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق قونصلر جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی ڈھاکہ میں ہائی کمشنر مقرر کیے گئے ہیں اور ان کی جگہ عبدالحمید ٹورنٹو میں پاکستانی سفارت خانے میں قونصل جنرل تعینات ہوئے ہیں۔ میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک سری لنکا میں ہائی کمشنر بن گئے جب کہ ابرار حسین ہاشمی کو ہوسٹن میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

در ایں اثناء عمران خان نے کہا ہے کہ جن وزراء کی کارکردگی ٹھیک نہیں انہیں بھی تبدیل کررہا ہوں۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے دورہ امریکا پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا، جب کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر حکومتی سفارتکاری پر بریفنگ دی۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button