فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے کہا ہے کہ بیت المقدس میں صیہونی دشمن کے منصوبوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مسجدالاقصی کو تقسیم کرنے کی صیہونی دشمن کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گیں کہا کہ فلسطینی عوام صیہونی دشمن کو اپنے اہداف کو آگے بڑھانے اور بیت المقدس کے آثار و نشانیاں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ صیہونی حکومت علاقے کے بعض ممالک میں داخلی جنگوں سے پیدا ہونے والے حالات سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مسجد الاقصی کے خلاف اپنے خطرناک منصوبوں کو آگے بڑھانا چاہتی ہے تاہم ملت فلسطین بیت المقدس اور مسلم امۃ کے مقدس مقامات کا دفاع کرتی رہے گی۔
تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے دنیا کے تمام ممالک اور حریت پسندوں سے اپیل کی کہ وہ صیہونی حکومت پر پابندی عائد کریں اس کو الگ تھلگ کردیں تاکہ وہ مسجد الاقصی کے خلاف اپنے مذموم عزائم سے پیچھے ہٹ جائے۔