ایران کی وزارت خارجہ نے یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کی چوتھی برسی کے موقع پر ایک بیان میں اس کھلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے یمن میں جنگ و خونریزی کے خاتمے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ اس بات پر تاکید کی جاتی ہے کہ یمنی عوام پر چار برسوں کی جارحیت کے نتیجے میں صورت المناک ہے اور مختلف ملکوں کے حکام اور بین الاقوامی اداروں کے اعترافات کے مطابق یمن کے دو کروڑ چالیس لاکھ سے زائد شہریوں کو انسان دوستانہ امداد کی اشد ضرورت ہے اور پندرہ لاکھ سے زائد لوگوں کو صحیح غذا تک میسر نہیں ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بحران یمن کے سیاسی حل پر مبنی اپنی اصولی پالیسی کی بنیاد پر مکمل طور ہمہ جہتی فائر بندی کی حمایت اور یمن کے ظالمانہ محاصرے کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتا رہے گا اور وہ تمام یمنی سیاسی گروہوں میں مفاہمت کا خواہاں ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ یمنی عوام کے خاص طور سے اس ملک کی عورتوں اور بچوں کے مسائل و مشکلات میں کمی کے لئے اپنی بھرپور کوششیں کرتی رہے۔