عراقمشرق وسطی

امریکی افواج عراق سے نکل جائیں: عراقی وزیراعظم

عراق کے عبوری وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے کہا ہے کہ امریکا اپنی فوج کے فی الفور انخلا کے لیے وفد بھیجے تاکہ جلد از جلد کارروائی کا آغاز ہو سکے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے عبوری وزیراعظم عادل عبد المہدی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک گفتگو میں ملک میں موجود 5 ہزار 200 امریکی فوجیوں کے انخلا کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا، اس دوران وزیراعظم عبد المہدی نے عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے لیے امریکی وزیر خارجہ سے بغداد وفد بھیجنے کا مطالبہ بھی کیا۔

عراقی وزیراعظم نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ نے بھی امریکی فوجیوں کے انخلا کے لیے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا ہے اور عراقی عوام کی بھی یہی خواہش ہے اس کے علاوہ امریکی حملے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کا بھی یہی تقاضا ہے کہ امریکی فوج عراق سے نکل جائے۔

واضح رہے کہ عراقی پارلیمنٹ سے امریکی فوج کے انخلا کی قرار داد کی منظوری کے اگلے روز ہی امریکی بریگیڈیئر جنرل ولیم سیلی نے عراقی ہم منصب کو ایک خط لکھا جس میں عراق سے امریکی فوج واپس بلانے پر رضا مندی ظاہر کی گئی تھی تاہم پینٹاگون نے امریکی جنرل کے خط کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ محض ایک مسودہ تھا۔

یاد رہے کہ عراق میں 2014 سے امریکی فوج تعینات ہیں تاہم یہ تعیناتی عراقی پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کی گئی تھی۔

متعلقہ مضامین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button