عراق میں امریکہ کے عین الاسد فوجی اڈے پر ڈرون حملہ
اسلامی استقامتی مجاہدین عراق کے نام سے موسوم تنظیم نے آج جمعہ کو طوفان الاقصیٰ آپریشن کے 21 ویں دن ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ عراق میں واقع امریکہ کے فوجی اڈے عین الاسد پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے کئی بار عراق میں واقع عین الاسد اور دیگر امریکی فوجی اڈوں کو ڈرون اور راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز اور امریکہ کی طرف سے غاصب اسرائیلی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کئے جانے کے بعد عراق کی استقامتی تنظیموں نے اعلان کردیا تھا کہ عراق میں امریکی ٹھکانوں اور اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ادھر صدر دھڑے کے رہنما سید مقتدیٰ صدر نے غزہ پٹی کے عوام کے خلاف غاصب اسرائیلی حکومت کی جارحیت کی امریکہ کی طرف سے حمایت کئے جانے کی بنا پر عراقی پارلیمان اور حکومت سے بعداد میں امریکی سفارت خانہ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔