غزہ پر اسرائیلی حملے میں کم ازکم پچاس صیہونی قیدی ہلاک
القسام بریگيڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے اندازے کے مطابق غزہ میں غاصب اسرائیل کی بمباری میں ہلاک ہونے والے صیہونی قیدیوں کی تعداد تقریبا پچاس ہوگئی ہے-القسام بریگيڈ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ طوفان الاقصی کی غیر معمولی اور مبہوت کردینے والی کاروائیوں کے دوران دوسو سے ڈھائی سو تک صیہونیوں کو قیدی بنایا گیا کہ جن کو غزہ میں ہی رکھا گيا ہے -موصولہ خبروں کے مطابق ان قیدیوں میں صیہونی فوج کے اعلی افسروں اور فوجیوں کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے-
صیہونی حکومت نے بھی اعلان کیا ہے کہ حماس نے دوسو چوبیس صیہونیوں کو قیدی بنایا ہے- غاصب اور جعلی صیہونی حکومت کہ جو مقبوضہ سرزمینوں پر مزاحمت کی کاروائیاں رکوانے میں اب تک کامیاب نہیں ہوسکی ہے اور اس حکومت کے سربراہان ، ابھی تک فلسطینی مزاحمت کے ہاتھوں پہنچنے والی بے مثال شکست سے صدمے میں ڈوبے ہوئے ہیں، بدستور فلسطین کے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہيں اور فلسطینیوں کو غزہ سے جبری انخلا پر مجبور کرنے کے درپے ہيں-