امریکی و صیہونی سازشوں کے مقابلے میں ڈٹا رہےگا استقامتی محاذ
سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ “قدس راہ شہدا” ہمارا نعرہ ہے اور ہم اس دن کا احترام اور اعلان کرتے ہیں کہ ہمیں کمزور اور ہمارے درمیان فرقہ وارانہ، مذہبی، نسلی، اور سیاسی بنیادوں پر اختلاف ڈالنے کی تمام کوششوں کے مقدر میں ناکامی لکھ دی گئی ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس سال یوم القدس اور لبنان کی عید آزادی ایک ساتھ ہو گئے ہیں اور ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کے پابند رہیں گے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دھمکیوں، جنگوں، سازشوں اور دباؤ میں جتنا زیادہ اضافہ ہوگا اسی شدت کے ساتھ ہم اپنے راستے پر گامزن رہیں گے اور اس راہ میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ہم نے سپاہ قدس کے شہید کمانڈر، جنرل قاسم سلیمان اور اس راہ میں قربان ہونے والے دیگر شہدا کے خون سے یہ عہد کیا ہے کہ ہم قدس کے راستے پر گامزن رہیں گے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے تمام عرب اور اسلامی ملکوں کی اقوام سے اپیل کہ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، مختلف طریقوں اور روشوں نیز سیاسی، ثقافتی اور ابلاغیاتی سطح پر یوم القدس منانے کا اہتمام کریں۔
یمن کی اسلامی انقلابی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبد الملک بدرالدین الحوثی نے بھی عالمی یوم القدس کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے اس مناسبت سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر حاج قاسم سلیمانی کو، صیہونیوں کے خلاف جنگ میں ان کے کردار کی وجہ سے دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نظر میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا قیام حرام ہے۔
انصار اللہ یمن کے سربراہ نے کہا کہ یوم القدس ایک اہم دن ہے کیونکہ یہ دن امت مسلمہ کو اس کی اہم ترین ذمہ داری یعنی مسئلہ فلسطین کی یاد دلاتا ہے۔ عبدالملک بدر الدین الحوثی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو صیہونی دشمن کے خلاف ڈٹ جانے کی وجہ سے شہید کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے کھل کہا تھا کہ وہ صیہونی دشمن اور امریکہ کی توسیع پسندی کے خلاف خطے کی قوموں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اُدھر عراق کی عصائب اہل الحق تحریک کے سربراہ قیس الخز علی نے بھی اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل فلسطینی قوم اور امت مسلمہ کو زک پہنچانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رح) نے ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ماہ رمضان کے آخری جمعے کو یوم قدس قرار دیا تھا تاکہ ساری دنیا کو مسئلہ فلسطین کی جانب متوجہ کیا جائے اور اس سرطانی پھوڑے یعنی اسرائیل کا خاتمہ ہو سکے۔
عراق کی عصائب اہل الحق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عراق اور خطے سے امریکی دہشتگردوں کی بے دخلی اور اس کے بعد عرب اور مقدس اسلامی سرزمینوں پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کا خاتمہ، خطے کے استقامتی محاذ کے دو اہم ترین مقاصد ہیں۔