مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ ایران کے ممتاز سائنسداں شہید محسن فخری زادہ کے قتل کا انتقام مناسب وقت اور جگہ پر لیا جائےگا۔
مسلح افواج کے سپریم کمانڈر رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے شہید محسن فخری زادہ کے اہلخانہ کو نصر1 نشان عطا کرنے کی تقریب کے ضمن میں میجر جنرل باقری نے کہا کہ شہید فخری زادہ علمی، اخلاقی ، ایمانی اور انقلابی لحاظ سے منفرد شخصیت کے حامل تھے۔ ان کی شہادت سے ایران کی مسلح افواج اور ایران کے سائنسی شعبہ کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ہم شہید فخری زادہ کے خون کا انتقام مناسب وقت اور مناسب جگہ پر لیں گے۔
میجر جنرل باقری نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے شہید فخری زادہ کی علمی خدمات اور کوششوں کے صلہ میں ان کے اہلخانہ کو نصر 1 نشان عطا کیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی اس شہید کی علمی خدمات پر کتنی گہری توجہ تھی۔