پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے تہران میں سپاہ پاسداران کی بائیولوجیکل دفاعی مشقوں کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ کورونا وائرس انتہائی تیزی کے ساتھ پھیلتا ہے- انہوں نے کہا کہ امریکا اور یورپی ممالک اپنے تمام تر ترقی یافتہ اور جدید ترین وسائل کے باوجود آج کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہیں –
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے میدان میں ایران کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی وزارت صحت اور دیگر ادارے ملک کی مسلح افواج کے تعاون سے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے مجاہدانہ طریقے سے میدان میں سرگرم عمل ہیں اور وہ اس میدان میں دیگر ملکوں کے مقابلے میں کافی آگے ہیں –
واضح رہے کہ ایران میں کورونا کے خلاف پیشگی اقدامات انجام دئے جانے کے ساتھ ساتھ متاثرین کے علاج اور مشکوک افراد کی شناسائی اور ان کو قرنطینہ میں رکھنے کا عمل وسیع پیمانے پر جاری رہے اور اس عمل میں ایرانی عوام بھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔