حزب اللہ کے دشمنوں کو منھ کی کھانا پڑے گی، سید حسن نصراللہ
حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ تحریک مزاحمت کے دشمنوں کو مایوسی اور شکست کے علاوہ کچھ نصیب نہیں ہوگا۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ میں اس المناک حادثہ میں متاثرہ خاندانوں کو تعزيت اور تسلیت پیش کرتا ہوں۔ اس حادثے کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتا ہوں
جمعے کی شام اپنے نشری خطاب میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکوں کو عظیم قومی اور انسانی المیہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عظیم قومی سانحے میں متاثر ہونے والوں کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں اور بے گھر ہونے والوں کو عارضی شیلٹر فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ اس دھماکے کے مختلف شعبوں پر خطرناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے اس حادثے کے بعد لبنانی حکومت اور عوام کے ساتھ عالمی سطح پر ہمدردی اور یکجہتی کے اظہارات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر امداد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ حزب اللہ نے بھی لبنانی حکومت اور عوام کی مدد کے لئے اپنے تمام وسائل میدان میں پیش کردیئے ہیں ۔ ہم عالمی ہمدردی اورفرانس کے صدر کے دورہ لبنان اور امداد کے حوالے سے دیگر ملاقاتوں کو مثبت نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
حزب اللہ کے سربراہ نے بعض عرب ذرائع ابلاغ کے حزب اللہ کے خلاف معاندانہ اور زہریلے پروپیگنڈے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض عرب ممالک کے ذرائع ابلاغ اور بعض سیاسی شخصیات نے بغیر کسی تحقیق کے یہ کہنا شروع کردیا کہ حزب اللہ کے اسلحہ کے ڈپو میں دھماکہ ہوا ہے ۔ عرب ذرائع ابلاغ کے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کا مقصد لبنانی عوام کو حزب اللہ کے خلاف اکسانا تھا جس میں انھیں ناکامی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بیروت کی بندرگاہ پر حزب اللہ کے اسلحہ کا کوئی ذخیرہ نہیں تھا اور ہم عرب ممالک کے ذرائع ابلاغ کے اس جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو سختی کے ساتھ رد کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لبنانی عوام موجودہ مشکل شرائط سے کامیابی اور کامرانی کے ساتھ عبور کرجائےگا، لبنانی عوام نے ہمیشہ مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے