بیت المقدس عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ : پاکستان کے شیعہ اور سنی علماء
بیت المقدس عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ : پاکستان کے شیعہ اور سنی علماء
متحدہ علماء محاذ پاکستان کی جانب سے 16ویں سالانہ القدس سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے شیعہ اور سنی علمائے کرام نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کسی ایک ملک و مسلک کا نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے جسے بہر صورت ہم سب کو ہی مل کر حل کرنا ہے، اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی ادارے فلسطینی عوام پر اسرائیلی وحشیانہ مظالم رکوانے کے لئے اپنا غیر جانبدارانہ موثر کردار ادا کریں۔
متحدہ علماء محاذ پاکستان نے پرزور مطالبہ کیا کہ مسلم حکمران بیت المقدس کی آزادی کیلئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں، قبلہ اول پر اسرائیلی غاصبانہ قبضہ عالم اسلام کی غیرت ایمانی کیلئے کھلا چیلنج ہے اور صوبائی و قومی اسمبلیز میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرائیں اور جمعۃ الوادع کو سرکاری طور پر ملک بھر میں یوم القدس منائیں۔
علماء نےبانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کے یوم القدس کے اعلان کا خیر مقدم اور اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔
علماء کی جانب سے برادر اسلامی ملک ایران پر امریکی پابندیوں اور حملے کی دھمکیوں کی شدید مذمت کی گئی۔
دوسری جانب بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس کی تشہیری مہم کے سلسلے میں کشتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی منوڑا ساحل سے نکالی گئی، جس میں فلسطینی پرچم کے ساتھ کئی کشتیاں شامل تھیں، ریلی مختلف سمندری راستوں سے ہوتے ہوئے منوڑا ساحل پر اختتام پذیر ہوئی۔