فلسطین کی قدس پریس نے اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے میڈیا دفتر کے حوالے سے خبر دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے گزشتہ مئی کے مہینے میں چار فلسطینی باشندوں کو شہید جبکہ ایک سو چار افراد کو زخمی کیا ہے۔ اس کے علاوہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے دسیوں مکانات اور عمارتیں بھی مسمار کی ہیں۔
حماس کے میڈیا دفتر کے مطابق گزشتہ مہینے تین سو ستائیس فلسطینوں کو صیہونی دہشتگردوں نے اغوا کیا ۔
مقبوضہ فلسطین میں تعینات انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے دفتر نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران پرمٹ نہ ہونے کے بہانے فلسطینیوں کے انسٹھ مکانات اور مراکز کو مسمار کر ڈالا جس کے نتیجے سینتیس افراد بے گھر جبکہ دو سو ساٹھ افراد کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
لیکوڈ پارٹی کے سرغنہ صیہونی وزیراعظم نتن یاہو اور بلو اینڈ وائٹ پارٹی کے سرغنہ بینی گانٹز نے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس میں یکم جولائی سے فلسطین کے مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ صیہونیوں کے اس اقدام پر فلسطینی عوام کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک اور عالمی اداروں نے بھی سخت رد عمل دکھاتے ہوئے اس کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔