غرب اردن کو ہتھیانے کے صیہونی منصوبے کے خلاف علاقائی سطح پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے اور فلسطینی تنظیمیں بھرپور احتجاج کی کال دے رہی ہیں جبکہ اردن نے اسرائیل کے ساتھ سبھی معاہدے منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
فلسطینی تحریک الفتح کے ترجمان اسامہ القواسمی نے غرب اردن کو ہڑپ کرنے کے اسرائیلی منصوبے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پوری سرزمین فلسطین میں یوم غضب منانے کی اپیل کی ہے۔
اسامہ القواسمی کے پیغام میں آیا ہے کہ اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف تحریک کا نیا مرحلہ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فلسطینی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ” اے عظیم قوم اٹھ کھڑی ہو اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہمارے ساتھ یوم غضب کے مظاہروں میں شریک ہو کر اسرائیل کے ناجائز قبضے کے خلاف آواز بلند کر۔
“الفتح کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یوم غضب کے مظاہروں میں پوری فلسطینی قوم کا بس ایک ہی نعرہ ہوگا کہ ہمیں الحاق قبول نہیں ہے اور ہی نہ سینچری ڈیل، بیت المقدس سرزمین فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے۔