اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ صیہونیوں نے غرب اردن کی ایک رہائشی کالونی الاغوار میں واقع فلسطینیوں کے 69 مکانات کو مسمار کر دیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق غرب اردن میں واقع الاغوار نامی کالونی میں ان مکانات کی مسماری کے سبب 80 سے زیادہ فلسطینی بے گھر ہو گئے ہيں۔
الاغوار کالونی میں غاصب صیہونیوں نے فلسطینیوں کے 25 گھروں پر قبضہ کر لیا ہے۔
دوسری جانب بتایا جاتا ہے کہ الخلیل کے علاقے میں “خشم الدرج” نامی کالونی میں بھی فلسطینیوں سے جبری طور پر ان کے گھروں کو خالی کرایا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں صیہونی فوجیوں نے درجنوں فلسطینیوں کو گولی مار کر زخمی کر دیا ہے، جبکہ اس دوران گرفتار کئے گئے فلسطینیوں کی تعداد 125 بتائی جاتی ہے۔