ایسے میں جب قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہروں کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے اور فلسطینی نوجوانوں کو مسجد الاقصی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی تھی، ہزاروں فلسطینیوں نے کل مسجد الاقصی میں نماز جمعہ میں شرکت کی۔
فلسطین کے ادارے اوقاف نے کہا کہ کل مسجد الاقصی میں ہونے والی نماز جمعہ کے اجتماع میں تقریبا 10 ہزار افراد نے شرکت کی۔
مسجد الاقصی کے اس ہفتے کے خطیب جمعہ شیخ یوسف ابو سنینه نے فلسطینی عوام سے کہا تھا کہ اسرائیل کی جارحیت کے مقابلے میں مسجد الاقصی کے دفاع کے لئے نماز جمعہ میں بھر پور طریقے سے شرکت کریں۔
دوسری جانب کل غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں نے اسرائیل کی جاری جارحیت من جملہ، صیہونی بستیوں کی تعمیر، فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے اور فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اسرائیلی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل داغے جس سے کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔