ریڈیو ہوانا کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق وینزوئلا کی خصوصی فورس نے ایک آپریشن کے دوران اس ملک کے آراگوا صوبے سے ایک دہشتگرد کو گرفتار کیا جس کے پاس کولمبیا اور وینزوئلا کی دستاویزات تھیں۔
یہ دہشتگرد ایسے وقت میں گرفتار ہوا کہ جب وینزوئلا کی مختلف عدالتوں نے حال ہی میں گدئون Gedeón کارروائی کے ملزموں پر مقدمات چلانے کا اعلان کیا۔ ان مقدموں میں ملوث ملزموں پر غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ مل کر بغاوت، شورش اور سازش کرنے کے الزامات ہیں۔
چند روز قبل وینزوئلا کے وزیر دفاع نے بھاری مقدار میں ہتھیار برآمد اور ضبط کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہتھیار وینزوئلا میں فوجی بغاوت کی ناکامی کے بعد بڑے پیمانے پر ہونے والے آپریشن کے دوران ارینوک دریا سے بر آمد ہوئے۔
وینزوئلا کے وزیر داخلہ نسٹور ریورول نے چند روز قبل سمندر کے راستے سے اس ملک میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی خبر دی تھی۔
وینزوئلا کے صدر نیکولس میڈورو نے کہا تھا کہ حکومت کے خلاف اس دہشتگردانہ کارروائی میں 2 امریکی باشندے بھی شامل تھے۔
لیوک ڈین مین نامی ایک امریکی نے اعتراف کیا کہ وہ وینزوئلا کے صدر نکولس مادورو کو اغوا کرنے کے پلان پر کام کر رہا تھا۔