رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکہ کو دنیا بھر میں فتنہ و فساد اور اختلافات و جنگ کا عامل قرار دیا ہے۔
آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشینیان سے گفتگو کرتے ہوئے رہبر انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکی منشا کے برخلاف ایران اور آرمینیا کے تعلقات روز بروز مستحکم اور پائیدار ہوتے جارہے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ایک بار پھر فرمایا کہ امریکہ ناقابل اعتماد ملک ہے اور وہ دنیا بھر میں فتنہ و فساد اور اختلافات اور جنگ کرانے کی فکر میں رہتا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران اور آرمینیا کے درمیان شروع ہی سے خوشگوار تعلقات رہے ہیں اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ایران خود کو اپنے پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک کا پابند سمجھتا ہے اور امریکی حکام اس قسم کے انسانی تعلقات کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔
آرمینیا کے وزیراعظم نکول پاشینیان نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک ایران کے خلاف کسی بھی اقدام میں ہرگز شرکت نہیں کرے گا۔
انہوں نے آرمینیا اور ایران کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ کی رہنمائی کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے تعلقات روز بروز فروغ پائیں گے۔