امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ واشنگٹن، جولان ہائیٹس پراسرائیل کے کنٹرول کو مکمل تسلیم کر لے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا کہ 52 سال بعد وقت آگیا کہ واشنگٹن مکمل طور پر جولان ہائیٹس پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم کر لے جو اسٹریٹجک اور سیکیورٹی کے تناظر میں اسرائیل اور خطے میں استحکام کے لیے ضروری ہے۔
مذکورہ ٹوئٹ کے بعد اسرائیل کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے اپنے ٹوئٹ میں امریکی صدر کے بیان کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے شام سے 1967 میں جولان ہائیٹس پر قبضہ کیا تھا اور گزشتہ ہفتے سالانہ انسانی حقوق کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکی محکمہ خارجہ نے لفظ ’اسرائیلی قبضہ‘ کے بجائے ’اسرائیلی کنٹرول‘ استعمال کیا جو اسرائیل نوازی کیلئےامریکی پالیسی میں واضح تبدیلی کی جانب اشارہ ہے۔