ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران مغربی ایشیا کا ایک طاقتور اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔
میونخ میں مقیم ایرانیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت نے ایران کے عوام کو نشانہ بنا رکھا ہے۔
انہوں نے امریکہ کے نائب صدر مائک پینس کے ایران مخالف بیان پر کہ جس میں انہوں نے ایران کو نازیوں سے تشبیہ دی تھی، کہا کہ امریکیوں کی حد درجہ نادانی اور جہالت پر انسان افسوس کے سوا کیا کر سکتا ہے؟۔
ایران کے وزیر خارجہ نے لبنان کے المنار ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وارسا کانفرنس اور میونخ سیکورٹی کانفرنس میں ایران مخالف امریکی حربے ناکام رہے اور ٹرمپ انتظامیہ کی تنہائی سامنے آئی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکہ، عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے لہذا دنیا کا کوئی بھی ملک، ایران مخالف پالیسیوں میں واشنگٹن کا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔
امریکہ کے نائب صدر مائک پینس نے جمعرات کو وارسا اجلاس اور اس کے بعد دیئے گیے اپنے ایک بیان میں یورپ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھی امریکہ کی طرح ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے سے علیحدہ ہو جائے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے جمعے کی شام میونخ سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ یورپ، تمام تر دباؤ کے باوجود ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا ارادہ رکھتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف، عالمی سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کی غرض سے میونخ کے دورے پر ہیں۔ میونخ سیکورٹی کانفرنس جمعے کی شام کو شروع ہوئی ہے جس میں مختلف ملکوں کے صدور، وزرائے خارجہ و دفاع اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ دنیا بھر کی سیاسی اور سلامتی اور عالمی امور کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے میونخ میں یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی معاون خصوصی روز میری ڈی کارلو، یونیسف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہنریتا فور، انٹرنیشنل ایلڈرز گروپ کے اخضر ابراہیمی اور میری رابنسن کے علاوہ لبنان کے وزیر دفاع، جرمنی، آرمینیا، کرقیزستان، عمان اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقات اور گفتگو کی ہے۔