یمن کے خلاف سعودی حکومت کی تازہ فضائی جارحیت کے جواب میں یمنی افواج نے جارح سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کئے ہیں۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے میزائلی یونٹ نے جنوبی صوبے تعز کے علاقے واعیہ میں جارح سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پرحملہ کیا ہے ۔ یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میزائلی حملے میں جارح سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے اتوار اور پیر کی شب یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے شہر صفرا کے رہائشی علاقوں پر کئی بار بمباری کی – بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ صفرا شہر کے بعض علاقوں میں شدید دھماکوں کی آواز یں سنی گئیں ۔ ابھی تک اس حملے کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں – اس درمیان یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے بحیرہ احمر میں جارح سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمن کے آئیل ٹینکروں کو روک لئے جانے کے اقدام کی مذمت کی ہے – انصاراللہ کے ترجمان محمدعبدالسلام نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمن کے آئیل ٹینکروں کو روک لیاجانا انصاراللہ اور آل سعود کے درمیان سوئیڈن سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے ۔ یمن کی وزارت صحت کے ترجمان یوسف الحاضری نے بھی خبردار کیا ہے کہ یمن کے آئیل ٹینکروں کو روکنے کا اگر یہ سلسلہ یونہی جاری رہتا ہے تو ملک میں طبی خدمات بری طرح سے متاثر ہوجائیں گی جو پہلے ہی جارح سعودی اتحاد کے حملوں کی وجہ سے انتہائی بحرانی دور سے گذر رہی ہیں اور ایسے میں لاکھوں مریض اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھیں گے – یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ اور سعودی عرب کے درمیان گذشتہ برس اٹھارہ دسمبر کو سوئیڈن میں انجام پانے والے مذاکرات کے دوران یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں فائربندی کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود سعودی اتحاد ہرروز اس معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے – یمن کی الحدیدہ بندرگاہ یمنی عوام کو انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کا واحد راستہ ہے -ذرائع کے مطابق صوبہ صعدہ کے شہر القدم پر بھی سعودی طیاروں نے بمباری کی ۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے ۔
سعودی عرب نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی منہدم کردیا ہے لیکن اس کے باوجود سعودی عرب یمن پر مسلط کردہ جنگ میں اپنے اہداف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے