ایران، شام میں قیام امن و سلامتی کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے پیر کے روز ایران میں تعینات شام کے سفیرعدنان محمود کیساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ شام کی قومی سالمیت کو نقصان پہنچنےسے شامی عوام کے مسائل و مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شام کی قومی سالیمت کا تحفظ، اسلامی جمہوریہ ایران کیلئے اہمیت کا حامل ہے اور ہم اس کے حصول کیلئے دوسرے ممالک کیساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔
اس موقع پر شامی سفیر نے شام کے خلاف ترکی کی حالیہ جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مفاہمت کے باوجود شام کے خلاف ترکی کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترکی نے اپنے فوجی اہلکاروں کو شام کی زمینی حدود میں تعینات کردیا ہے۔
عدنان محمود نے شام میں قیام امن سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شام میں امریکی منصوبے کی شکست کے ساتھ ترکی کے ذریعے شام میں سیکورٹی زون بنانے کو روکنا ہوگا۔