ایران کے وزیر خارجہ نے فرانسیسی صدر کیساتھ اپنی حالیہ ملاقات کو تعمیری قرار دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے فرانس کی سرکاری نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے گزشتہ ہفتے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کو اچھی تجاویز دی تھیں اور یہ تجاویز صحیح سمت میں جار رہی ہیں۔ تاہم اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے فرانسیسی صدر کیساتھ اپنی حالیہ ملاقات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام وسائل کا جائزہ لیا ہے اور صدر میکرون یورپ کے دیگر شراکت داروں کیساتھ اس معاملے کی پیشرفت کیلئے بات چیت کریں گے۔
ایران جوہری معاہدے سے امریکہ کی یکطرفہ علیحدگی اور ایران مخالف امریکی دباؤ میں اضافے کی وجہ سے اسلامی جمہوریہ ایران نے جوہری معاہدے کی سالگرہ کے موقع پر اس بین الاقوامی معاہدے سے متعلق اپنے کیے گئے وعدوں کے کچھ حصے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے یورپی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری معاہدے سے متعلق مسائل کو بغیر امریکی موجودگی بھی حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کو اس حوالے سے کلیدی کردار حاصل نہیں ہے لہذا اگر یورپ اور بین الاقوامی برادری چاہئیں تو وہ ایران جوہری معاہدے کے تحفظ کیلئے مناسب اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔