تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ایک یونٹ کی حیثیت سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف امریکہ کا احمقانہ اور دشمنانہ اقدام بین الاقوامی قوانین و اصول کے منافی ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے لباس میں نماز جمعہ کے خطبے میں سپاہ کے خلاف امریکی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ٹرمپ کے اس اقدام سے مغربی ایشیا کی صورت حال مزید پیچیدہ ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ امریکہ ہی دہشت گردی کو وجود میں لانے والا ملک ہے جبکہ سپاہ کے خلاف امریکی اقدام پر دنیا کے مختلف ملکوں کی مخالفت نے اس بات کی نشاندہی کر دی کہ واشنگٹن کا یہ حربہ بھی کامیاب واقع نہیں ہو گا۔
آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہا کہ امریکہ، سپاہ سے اس لئے بوکھلایا ہوا ہے کہ اس نے علاقے میں امریکی تربیت یافتہ دہشت گردوں کو بری طرح سے شکست دی ہے اور واشنگٹن کا کوئی مقصد پورا نہیں ہونے دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ علاقے میں امریکہ کی پے در پے شکست سے، ٹرمپ دیوانہ ہو گیا ہے جبکہ اس کے خفیہ دورہ عراق نے علاقے میں امریکہ کی حقیقی ماہیت اور ذلالت کو برملا کیا ہے۔
خطیب جمعہ تہران نے کہا کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، اسلامی انقلاب کے ثمرات کی بخوبی حفاظت کر رہی ہے اور وہ جب چاہے، اپنی میزائل توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے تل ابیب کو کھنڈرات میں تبدیل کر سکتی ہے۔