تہران میں وزارت انٹیلی جینس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انقلاب مخالفین کے ایک نیٹ ورک میں شامل سرکردہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق مذکورہ نیٹ ورک سات دسمبر کو یوم یونیورسٹی طلبہ کے موقع پر تہران یونیورسٹی اور دیگر شہروں میں بدامنی پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
سات دسمبر کو ایران میں یونیورسٹی طلبہ کا دن منایا جاتا ہے اور تعلیمی اداروں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
ایران کی وزارت انٹیلی جینس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ نیٹ ورک میں شامل سرکردہ افراد کی گرفتاری کے بعد ملک میں ہنگامہ آرائی اور بلوے کرانے کی ایک اور سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پندرہ نومبر کو پیٹرول کی قیمتوں میں اصلاحات کے اعلان کے بعد ایران کے بعض شہروں میں محدود پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے جنہیں نقاب پوش افراد نے نجی اور سرکاری املاک پر حملے اور آتشزنی کرکے پرتشدد بنادیا تھا۔