یمن کے امور میں امریکہ اور اقوام متحدہ کے نمائندے کی صوبہ مارب میں جنگ بندی کی کوششوں میں ناکامی کے بعد سویڈن کے ایلچی نے مارب میں جنگ بندی سے متعلق اسٹاک ہوم سمجھوتے کی رونمائی کی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کو یہ اندازہ ہوگیا ہے کہ صوبہ مارب اس کے ہاتھ سے نکلتا جارہا ہے اور اسی بات کے پیش نظر ریاض نے اس صوبے کے مرکز کو اپنے کنٹرول رکھنے کے لئے، صنعا کو ایک نئی پیشکش کی ہے جس کا بنیادی مقصد یمنی فورسز کے ہاتھوں اس صوبے کی مکمل آزادی کے آگے بند باندھنا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ریاض کا مجوزہ منصوبہ جسے سويڈن کے ایلچی یمن لے کر گئے ہيں، اسٹاک ہوم کے سمجھوتے پر مبنی ہے، جو اس سے قبل الحدیدہ کے لئے پیش کیا جاچکا ہے۔
اس منصوبے میں انسانی اور معاشی مسائل کے تعلق سے کچھ سہولیات دینے کی بات کی گئی ہے۔
الحدیدہ میں جنگ بندی سے متعلق سمجھوتہ ڈھائی برس قبل سویڈن کی میزبانی میں عمل میں آيا تھا۔ 18 نومبر 2017 سے اس معاہدے پر عمل درآمد کئے جانے کے اعلان کے باوجود سعودی اتحاد کی جانب سے اس معاہدے کی شروع ہی دن سے خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
مارب کی جانب یمنی فورسز کی پیشقدمی اور اس صوبے کے ہاتھ سے نکل جانے کے اندیشے نے سعودی اتحادیوں کی راتوں کی نیندیں اڑادیں ہيں۔